ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چوری کی تحقیقات کے دوران ہوناور پولیس اسٹیشن لائے گئے ایک شخص کی تھانہ میں ہی موت؛ انسپکٹر اور پی ایس آئی سمیت پانچ پولس اہلکار معطل

چوری کی تحقیقات کے دوران ہوناور پولیس اسٹیشن لائے گئے ایک شخص کی تھانہ میں ہی موت؛ انسپکٹر اور پی ایس آئی سمیت پانچ پولس اہلکار معطل

Sun, 25 Jun 2023 14:00:34    S.O. News Service

بھٹکل، 25 / جون (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے سالہیتل علاقے میں پیش آئے سونے کی چوری کے معاملہ میں تحقیقات کے لئے  پولس نے جن دو لوگوں کو پولس  تھانہ لایا تھا، اُس  میں سے ایک کی پولس تھانہ میں ہی موت واقع ہونے کی خبر ملی ہے اور  اس تعلق سے پولس کا کہنا ہے کہ  اس نے زہر کھا کر خودکشی کر لی ہے  ۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی کاروار سے ضلع کے ایس پی وشنو وردھن کاروار سے ہوناور پولس اسٹیشن پہنچنے کی بھی خبر ہےاور پتہ  چلا ہے کہ  انہوں نے اس ضمن میں ایک انسپکٹر اور ایک پی ایس آئی سمیت پانچ پولس اہلکاروں کو سسپنڈ کردیا ہے۔ البتہ ان خبروں کی پولس کے اعلیٰ حکام کی طرف سے تصدیق نہیں ہوپائی ہے۔
    
 ذرائع سے ملی  اطلاع کے مطابق بہار کے رہنے والے دو افراد پر مقامی لوگوں نے الزام لگایا تھا کہ سونے کے زیورات پر پالش کرنے کے بہانے یہ لوگ دھوکہ دہی کر رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں ایک شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی اور اس کی تحقیقات کے لئے پولس نے ہفتہ کو  ملزم باپ اور بیٹے کو پولیس اسٹیشن لایاتھا۔ 
    
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے بیان کے مطابق دلیپ منڈل  نامی ملزم بیٹے نے تحقیقات کے دوران پانی پینے کی بات کہی اور اپنے پاس بیگ میں موجود سائنائڈ زہر کھا لیا جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس اسٹیشن میں خود کشی کی اطلاع ملنے پر ڈی وائی ایس پی اور ضلع ایس پی نے ہوناور پولیس اسٹیشن پہنچ کر معائنہ کیا اور واقعہ کی مکمل جانکاری حاصل کی ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ڈیوٹی کے دوران غفلت برتنے کے الزام میں ضلع کے   ایس پی نے آج اتوار کو  ایک پولس  انسپکٹر اور ایک پی ایس آئی سمیت پانچ پولس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کردیا ۔

اس بات کی بھی جانکاری ملی ہے کہ پولس لوک آپ میں ہوئی ایک شخص کی موت کی اطلاع کے بعد  ہیومن رائٹس کمیشن اور  سی آئی ڈی کے حکام  کیس کی سماعت کے لیے کسی بھی وقت  ہوناور  پہنچ سکتے ہیں۔

معاملے کو لے کر مکمل جانکاری حاصل کرنے اور ذرائع سے ملی اطلاع کی تصدیق کرنے کے لئے ساحل آن لائن نے ضلع کے ایس پی سے موبائل پر رابطہ کرنے کی کافی کوشش کی، مگر اُن سے رابطہ نہیں  ہوسکا۔

Man Dies in Honavar Police Station During Theft Investigation; Five Police Personnel, Including Inspector and PSI, Suspended


Share: